لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا،جس میں صوبے میں انڈسٹریل اسٹیٹس و سپیشل اکنامک زونز کے قیام، سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیشرفت، صوبائی فنانس کمیشن اور وزیراعظم کے ’’کامیاب نوجوان پروگرام‘‘ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ارکان اسمبلی کے حلقوں کیلئے ترقیاتی سکیموں پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 22 جنوری تک 187 ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیں اور مختلف منصوبوں پر 107 ارب خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ 42 ارب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کیلئے رکھے گئے ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ انفراسٹرکچر فنڈکے قیام کی تجویز زیر غور ہے ۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 62 ارب مختص کئے گئے اورجنوبی پنجاب کیلئے 42 ارب کے فنڈز ریلیز کئے جا چکے ۔پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مختص فنڈز کو کسی دوسرے علاقے یا منصوبے کیلئے منتقل کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اورمحکموں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے ۔جاری فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنایا جائے گا۔صوبے میں صنعتی عمل تیز کرنے کیلئے 17 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان مقامات کو ڈویلپ کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے ۔قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے کا افتتاح مارچ میں ہوگا۔ سیالکوٹ میں ایک ہزار ایکڑ پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لائیں گے ،اس انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے تقریباً ساڑھے تین لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کا آغاز اگلے ماہ ہوگا،دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پروگرام کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے اور اس پروگرام کے تحت بھی اراکین اسمبلی کے حلقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام ہوگا، منتخب نمائندوں کو ان کا جائز حق ہر صورت دیں گے ۔وفاقی وزیر پلاننگ و ڈویلپمنٹ اسد عمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، مشیر وزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ، رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور پرنسپل سیکرٹری و زیراعلیٰ نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ سے چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان اور انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر نے ملاقات کی۔ملاقات میں صوبے کے انتظامی امور، عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اور امن و امان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ نے کہا انتظامیہ اور پولیس میری ٹیم ہیں اورسب نے ملکر عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھانا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کیخلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن کیا جائے ۔ جرائم پیشہ عناصر، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔ وزیراعلیٰ سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم کے ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کے تحت پنجاب میں نوجوانوں کو قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے بہاولپور کے علاقے میں نجی سکول کی چھت گرنے سے بچوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اورکمشنربہاولپورڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بنگلہ دیش کیخلاف پہلاٹی 20 میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا قومی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔