سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر و ٹریڈ ڈائریکٹر آف پاکستان ڈیپارٹمنٹ آف انٹر نیشنل ٹرید مسٹر مائیک نیتھاورئیانکس نے کہا ہے کہ انہیں سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کاکمال یہ ہے کہ ناممکن کو ممکن بنانے کا فن جانتی ہے ۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ اس سلسلے کی قابل تقلید مثال سب کے سامنے موجود ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت چیئرمین سیال ندیم انور قریشی نے کی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) محمد عابد نذیر، سینئر ٹریڈ منیجر ڈیپارٹمنٹ آف انٹر نیشنل ٹرید سمیرا نوید ، سابق چیئرمین نعیم اختر ہیلی فیکس، شیخ محمد یعقوب، سابق وائس چیئرمین چودھری رضا منیر، نعیم یوسف ، ائرپورٹ منیجر نثار احمد ، جنرل منیجر بریگیڈئر (ر) محمد نواز ، بزنس ڈیلپمنٹ منیجر عامر یعقوب اور منیجر تعلقات عامہ عبدالشکور مرزا بھی موجود تھے ۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اگر برطانیہ کے تعلیم ، صحت اور مالیاتی اداروں سے باہمی اشتراک سے کام کرنا سوچیں تو یہاں اس سلسلے میں وسیع مواقع موجود ہیں جس کا سیالکوٹ کو بے حد فائدہ ہو سکتا ہے ۔