لسبیلہ،دادو، لاہور (صباح نیوز، 92 نیوز،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) سیلاب نے حب، وندر ،دریجی میں تباہی مچادی۔ دریجی لوہی میں درجنوں مکانات منہدم ہو گئے ، وندر ندی اوورفلو ہونے کے باعث پانی آبادی میں داخل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی ، وندر بیلہ حب اوتھل کنراج میں ندی نالوں میں طغیانی آچکی اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں ، حب میں بچا بند ٹوٹنے سے پانی جام کالونی میں داخل ہوگیا اور کنراج کا بھی دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ، متعددعلاقوں میں سڑکیں تباہ اور متعدد مکانات بھی منہدم ہوگئے جبکہ بارشوں سے حب ڈیم بھی بھر گیا ، ضلعی انتظامیہ لسبیلہ نے تمام اداروں کو ہائی الرٹ کرکے ایمرجنسی نافذ کردی ہے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ضلعی انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ادھر دادومیں موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کہیر تہر پہاڑوں پر زوردار بارش کے بعد مختلف ندیاں بھپر گئیں، نئی گاج کا سیلابی پانی آنے سے نشیبی 600 سے زائد علاقے زیر آب آ گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہا۔ تاہم خضدار، لسبیلہ ، لاہور، راولپنڈی ، کراچی اور اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم جزوی ابر آلودرہنے اور بارش کا بھی امکان ہے ۔