لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) ڈی سی لاہور دانش افضال نے میاں منشی ہسپتال کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک، اے سی سٹی فضل ربی چیمہ بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے ،انہوں نے ہسپتال میں انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیااورہسپتال میں ڈینگی وارڈ، ٹیسٹ اور ڈینگی بچاؤ کے حوالے سے دی جانے والی میڈیسن کا جائزہ لیا۔انہوں نے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لئے آئے ہوئے والدین سے بات چیت بھی کی۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ عوام الناس کو صحت کے حوالے سے بہترین سہولیات دی جائیں۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور دانش افضال نے بند روڈ سے ملحقہ یونین کونسل کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک اور اے سی سٹی فضل ربی چیمہ بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے یو سی میں موجود ڈینگی ورکرز کی حاضری اور کارکردگی کو چیک کیا۔یو سی میں موجود زیر تعمیر بلڈنگز کی چیکنگ کی گئی،ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر ڈی سی لاہور نے نوٹس لے لیا۔ڈی سی لاہور نے یو سی اور اردگرد کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی چیک کیا۔ دریں اثنا ڈی سی لاہور دانش افضال کی ہدایت پرتحصیل رائیونڈ میں کم پیمانہ پرپٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی اے سی رائیونڈ عدنان بدرکی نگرانی میں کی گئی۔رائیونڈ کے علاقے میں پانچ انسپکشنز کی گئیں۔شہزاد فلنگ اسٹیشن مانگا روڈ کی نوزلز کو چیک کیا گیا۔03 نوزلز پر کم پیمانہ پایا گیا۔نوزلز کا کم پیمانہ ہونے پر ان کو سیل کر دیا گیا۔