اسلام آباد (سہیل اقبال بھٹی) سندھ ریونیو بورڈ نے بالآ خر شپنگ کمپنیوں، فریٹ فارورڈنگ اور کسٹمز ایجنٹس کی جانب سے سیلز ٹیکس ادا نہ کرنے کیخلاف کارروائی شروع کردی ۔ مئیرسک شپنگ پاکستان سمیت مختلف کمپنیوں کی جانب سے اگست 2011سے سیلز ٹیکس ادائیگی نہیں کی جارہی جس کے باعث سندھ حکومت کو 30ارب روپے سے زائد نقصان ہوچکا ۔ مئیرسک کی جانب سے جاری انوائسز پر سیلز ٹیکس نمبر درج نہیں کیا جاتا۔ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیاں سندھ سیلز ٹیکس برائے سروسز ایکٹ 2011 کے مطابق سروسز کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں پر 13فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے ۔ سندھ ریونیو بورڈ کی جانب سے آڈٹ مکمل ہونے کے بعد شپنگ کمپنیوں اور فریٹ فارورڈنگ کے کاروبار سے وابستہ کمپنیوں سے 100فیصد جرمانے کے ساتھ سیلز ٹیکس کی رقم وصول کی جائیگی ۔ مشیر چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ مشتاق کاظمی نے 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سروسز پر سیلز ٹیکس سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ خارج کیا جاچکا ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ بھر میں سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں پر سیلزٹیکس جمع کروانا لازم ہوگیا ،ملکی وغیر ملکی کمپنیوں پر نوٹیفکیشن میں درج ریٹس کے مطابق سیلزٹیکس جمع کروانا لازم ہے ، سندھ سیلز ٹیکس برائے سروسز ایکٹ 2011 کے تحت مئیرسک شپنگ کمپنی پر 13فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے ، ریونیو بورڈ گزشتہ8سال تک کا آڈٹ کرنے کا مجاز ہے ، سیلز ٹیکس چوری میں ملوث اور کم ٹیکس ادا کرنے والی کمپنیوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی۔سندھ ریونیو بورڈ حکام کے مطابق مختلف کمپنیاں مختلف ہتھکنڈوں سے سیلز ٹیکس چوری کرتی ہیں۔ مئیرسک پاکستان کی جانب سے سیلز ٹیکس نمبر کے بغیر بے نامی بلز جاری کئے جاتے ہیں،بے نامی بلز پر سیلز ٹیکس نمبر ہی درج نہیں کیا جاتا ،صارفین سے بے نامی بل کے ذریعے رقم وصول کی جاتی ہے ،بے نامی بل جاری کرنے کا مقصد سیلز ٹیکس کی ادائیگی سے بچنا ہے ۔ شپنگ کمپنیوںاور انکے ایجنٹس کی سروسز اور فارورڈنگ ایجنٹس سے شفاف طریقے سے میرٹ پر سیلز ٹیکس کی وصولی سے سندھ بورڈ آف ریونیو ماضی کی وصولیوں کی مد میں 30ارب روپے جبکہ سالانہ 10ارب روپے سے زائد سیلز ٹیکس میں اضافہ کرسکتا ہے ۔ ترجمان مئیرسک شپنگ کے مطابق مئیرسک کی جانب سے صارفین سے سیلز ٹیکس وصول نہیں کیا جاتا یہی وجہ ہے کہ بلوں پر سیلز ٹیکس نمبر بھی درج نہیں کیا جاتا،سندھ ریونیو بورڈ میں 13فیصد سیلزٹیکس اس وقت جمع کروایا جائیگا جب صارفین سے وصولی کی جائے گی،مئیرسک کمپنی قوانین کا احترام اور پاسداری کرتی ہے ۔