اسلام آباد(صباح نیوز)پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس کل (پیر کو) شروع ہونگے ۔قومی اسمبلی کا اجلاس شام پانچ جبکہ سینٹ کا اجلاس تین بجے سہ پہر طلب کیا گیا ہے دونوں ایوانوں میں اہم امور زیر بحث آئیں گے ۔کل سینٹ میں متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بھی ہوگا جس میں ایوان بالا سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اپوزیشن کے وسیع تر اتحاد کے فیصلوں، فوجی عدالتوں ،فنانس ترمیمی بل 2019ء کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کی جائے گی۔اجلاس سینٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کی طرف سے طلب کیا گیا ہے سینٹ اجلاس کا 22 رکنی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے قومی اسمبلی میں بھی اہم امور زیر بحث آئیں گے پیر کو اپوزیشن اتحاد کی کمیٹی کا اجلاس بھی پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔