لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ رواداری اور برداشت کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے باعث بگاڑ پیدا ہوتا ہے ، رواداری اور تحمل و برداشت کے جذبات کو فروغ دے کر پرامن معاشرہ تشکیل دیاجاسکتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دین اسلام امن و سلامتی اور عدل وانصاف کا دین ہے اور دین اسلام رواداری اور تحمل و برداشت کے رویوں کو فروغ دینے پر زوردیتا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بین المسالک وبین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے ۔ تعلیمی ادارے ،جامعات اور دینی مدارس ،برداشت اورتحمل کے رجحان کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انتہا پسند ی کے مکمل خاتمے کیلئے اعتدال اور میانہ روی کی تعلیمات کو فروغ دینا ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایس پی طاہر خان داوڑ کے قتل پر اظہار افسوس کیا اور مقتول پولیس افسر کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے ۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی میں سینٹ کی نشست کیلئے الیکشن کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ وزیراعلیٰ سے ان کے چیمبر میں تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی اور خواتین اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے اراکین اسمبلی کے مسائل سنے اورموقع پر ہی ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے ۔وزیراعلیٰ نے اسمبلی میں مختلف وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ تقریباً چار گھنٹے تک اسمبلی میں موجود رہے ۔وزیر اعلیٰ نے ولید اقبال اور سیمی ایزدی کو سینیٹرمنتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔وزیراعلیٰ نے نومنتخب سینیٹرز کے نام تہنیتی پیغام میں کہا کہ ولید اقبال اور سیمی ایزدی کی جیت سے ثابت ہوا پنجاب پی ٹی آئی کا گڑھ بن چکا ہے ۔ پی ٹی آئی کے سینیٹرز کا انتخاب وزیر اعظم عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہے ۔