لاہور(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن)پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ماڈل ٹائون میں ہوا جس کی صدارت اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کی ۔اجلاس 25منٹ جاری رہا جس میں سینٹ کی2نشستوں پرانتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے اور لیگی ارکان کے ووٹ لیگی امیدواروں کے حق میں کاسٹ کرانے کیلئے ارکان سے حلف بھی لیا گیا ۔اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی نے شرکت کی اور ان کو واضح ہدایت کی گئی کہ وہ سعودمجیداورسائرہ افضل تارڑ کو ہی ووٹ دیا جائے اس موقع پربلال یاسین ،ملک وحید ، کنول لیاقت،ربیعہ نصرت، ملک غلام حبیب اعوان ، میاں نصیراحمد،سیف الملوک کھوکھر ،سمیع اﷲ خان سمیت مرد اور خواتین تمام ارکان سے حلف لیا گیا جس میں کہا گیا کہ وہ حلفا کہیں سینٹ ضمنی الیکشن میں لیگی امیدواروں کوووٹ دیں گے ۔ حمزہ شہباز شریف نے تمام ارکان کو مقررہ وقت پر پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ سینٹ انتخاب میں کامیابی ہو۔حکومتی صفوں میں دراڑ پڑنا شروع ہوگئی ہیں۔ن لیگ پوری طرح نوازشریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متحدہے ۔ وہ وقت دور نہیں جب عوام خود جھوٹے لوگوں کو ایوانوں سے باہرنکال پھینک دے گی۔