اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر) سینٹ میں شادی سے قبل تھیلسیمیا کے ٹیسٹ لاز می کرانے کا بل منظور کرلیاگیاجبکہ اعضا کی پیوند کاری ترمیمی بل پر اعتراض اٹھادیا گیا ،کورم کی نشاندہی پر کورم ٹوٹ گیا،ایوان کی کارروائی 5 منٹ ملتوی کرکے گھنٹیاں بجائی گئیں۔پیرکو اجلاس کے دوران سینیٹر عتیق شیخ کی طرف سے جب انسانی اعضا اور ٹشوز کی پیوند کاری ایکٹ 2010 میں مزید ترمیم کے بل پرقائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی تو سینیٹر مشتاق نے اعتراض اٹھا دیاکہ یہ متنازع بل ہے ،اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کا موقف لیا جائے ، ایوان میں بل پر ووٹنگ کی گئی۔بل کے حق میں 16 اور مخالفت میں 6 ووٹ آئے ،اسکے باوجودچیئرمین نے بل کو لا کمیٹی کے پاس بھیج کر ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی،ایوان میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی کہ حکومت بجٹ میں اعلان کردہ مزدوروں کی کم ازکم اجرت پر عملدرآمد ،ہسپتالوں میں زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی یقینی بنائے اور انکی فہرست آویزاں کی جائے ۔قبل ازیں سینٹ کا رواں اجلاس یکم فروری تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ چیئرمین سینٹ نے ارکان کی طرف سے پیش کئے گئے 3بل متعلقہ کمیٹیوں کو بھیج دیئے ۔ سینیٹر نصیب اﷲ بازئی نے آرٹیکل 260 میں ترمیم، سینیٹر سراج الحق اور مشتاق احمد خان نے آرٹیکل 30 کی شق 2 کو حذف کرنے اور سینیٹر عتیق شیخ نے نئے شریک حیات اور مجوزہ شریک حیات کی تھیلسیمیا کی بیماریوں کے لئے خون کا لازمی ٹیسٹ بل 2018ء متعارف کرانے کیلئے دستور میں ترمیم کے بل پیش کئے ۔اجلاس میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کی طرف سے عوامی اہمیت کے حامل نکات پر کمیٹی کی رپورٹس پیش کر دی گئیں۔ قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کی طرف سے 3 مختلف معاملات پر کمیٹی کی رپورٹیں پیش کی گئیں جنکی ایوان بالا نے منظوری دیدی۔اجلاس میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی طرف سے بھی6رپورٹس پیش کی گئیں۔