اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ(خصوصی نیوز رپورٹر،خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،نیوز رپورٹر) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اور بھارت کیخلاف سینٹ،پنجاب،خیبر پختونخوا،بلوچستان اور سندھ اسمبلی میں قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔یوم استحصال پر سینٹ کا خصوصی اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدار ت ہواجس میں صدر مملکت عارف علوی بھی شریک ہوئے ، قرارداد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیش کی جس کے مطابق بھارتی اقدامات جنوبی ایشیا کے امن واستحکام کیلئے شدید خطرہ ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا،مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے ، بھارت عالمی مبصرین کو کشمیر میں رسائی دے اور فوری طور پر قابض فوج کو کشمیر سے نکالے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا دنیا آنکھیں کھول کر کشمیر میں انسانیت سوز مظالم دیکھے ، ہم کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں اور انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑینگے ، مقبوضہ کشمیر میں بیمار ہسپتال بھی نہیں جا سکتے ، بھارت مظالم کے لحاظ سے اپنے استاد اسرائیل سے کہیں آگے ہے ، خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی، بچوں کے ساتھ مظالم کو بند کیااور تعلیمی اداروں کو کھولا جائے ،سیاسی لیڈروں کو رہا کیا جائے ،کشمیریوں کی جان چھوڑ دیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، مظلوم کشمیریوں کی معاونت جاری رکھے گااور کشمیر انشاء اللہ آزاد ہو گا،مودی بابری مسجد کو شہید کر کے رام مندر کی بنیاد رکھ رہا ہے ، تمام مذہبی رہنماؤں اور علما کو اس اقدام کی کھل مذمت کرنی چاہیے ،میں ان سب اکابرین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری درخواست پر لبیک کہا،کیا ہی اچھا ہوتا کہ جے یو آئی ف بھی اس میں شامل ہو جاتی۔ارکان سینٹ نے کہا کشمیریوں کی نسل کشُی اور جغرافائی تبدیلی نامنظور ہے ،کشمیر نقشہ بازیوں سے آزاد نہیں ہوگا بلکہ عملی طور پر کام کرنا ہوگا ۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا مقبوضہ کشمیر کی قوم ہماری طرف دیکھ رہی ہے ۔ شیری رحمان نے کہا انڈیا پر عالمی پابندیاں لگنی چاہئیں۔ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری ،سراج الحق نے کہا نقشے میں ڈالنے سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔مشاہد حسین سید نے کہا اسلام آباد میں مندر بننا چاہئے ، حکومت جلد مندر تعمیر کرے ۔رضاربانی نے کہا چین ایران معاہدے پر وزیر خارجہ پارلیمنٹ کو بریفنگ دیں۔اجلاس میں لبنان میں اسلحہ کے ڈپوپر دھماکے میں شہید افراد،بلوچستان دھماکے میں شہید اور کشمیر میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کرائی گئی۔ پنجاب اسمبلی میں وزیر قانون بشارت راجہ کی طرف سے پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنے ایک برس ہو چکا ہے ،عالمی برادری صورتحال کا نوٹس لے ۔دور حاضر کے ہٹلر نریندر مودی کے حکم پر قابض بھارتی فوج نے ہزاروں کشمیریوں کو شہید کر دیا۔اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی تقریر کے دوران حکومتی رکن عظمیٰ کاردار کی مداخلت پرسپیکر چوہدری پرویزالہٰی نے رولنگ دی کہ ان کی تقریر کے دوران مداخلت نہ کی جائے ۔ حمزہ شہبازنے کہا کشمیر میں لاک ڈاؤن کو سال گزر گیاجبکہ پوری دنیا چند ہفتوں کا لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکی،وزیراعظم عمران خان نے ٹرمپ سے ملاقات کے بعد ورلڈکپ جیتنے کا دعوی کیا، مگرملاقات کے فوری بعد کشمیریوں پر ظلم و ستم کا پہاڑ توڑ دیا گیا، ،میری خواہش ہے کہ ہم کشمیر کو اپنی زندگی میں پاکستان کا حصہ بنتے دیکھ سکیں۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سید عثمان محمود نے کہاکشمیر ہماری شہ رگ ہے ۔وزیر قانون راجہ بشار ت نے کہاوزیر اعظم نے کھلے دل اور جرأت سے دنیا کے سامنے کشمیر پر موقف بیان کیا۔سندھ اسمبلی نے بھی یوم استحصال کشمیر پر اپنے خصوصی اجلاس میں بھارت کے غاصبانہ قبضے اورکشمیریوں پروحشیانہ مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قرارداد وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے پیش کی گئی تھی ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات کی وہ خوش آئند ہے ۔ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام متحدہ میں کہا تھا کشمیر کے لیے ہم ہزار سال تک جنگ لڑیں گے ۔سپیکرسراج درانی نے کہاانشااللہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔پیپلز پارٹی کے اقلیتی رکن لال چند اکرانی نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگایا۔وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ ،وزیر تعلیم سعید غنی نے کہاکشمیریوں کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ وزیر ثقافت سردار شاہ،جی ڈی اے کے پارلیمانی لیڈر حسنین مرزا،ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا ، نصرت سحرعباسی نے کہاکشمیرپاکستان کااٹوٹ انگ ہے ۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزیر قانون سلطان محمد خان اور اپوزیشن کے خوشدل خان نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ کشمیر ی عوام کو سلیوٹ پیش کرتے ہیں،عالمی برادری مسئلہ حل کرائے ۔سپیکر اسمبلی نے کشمیر پرحکومتی اور اپوزیشن ممبران کی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔اپنے خطاب میں عوامی نیشنل پارٹی کے خوشدل خان، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ،نعیمہ کشور ، ہشام انعام اللہ خان ، نگہت اورکزئی ،رنجیت سنگھ ودیگر نے کہابھارتی فوج نے طاقت کے بل بوتے پر کشمیر پر قبضہ کیا۔بلوچستان اسمبلی میں صوبائی وزرا میرسلیم کھوسہ، میر عارف محمد حسنی، مبین خان خلجی ، قادر علی نائل کی مشترکہ قرار دادمیں کہا گیا کہ بلوچستان کے عوام اور منتخب نمائندے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ارکان اسمبلی قادر علی نائل ، ملک سکندر، یار محمد رند، نور محمد دمڑ ، عبدالخالق ہزارہ، زمرک خان اچکزئی نے اسمبلی میں خطاب اوروزیراعلیٰ جام کمال اور قائد حزب اختلاف ملک سکندرخان ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کشمیر کے معاملے پر ہم ایک ہیں۔