اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،اے پی پی)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے پلوامہ واقعہ پر بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی اور پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز بیانات کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرار داد منظور کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق مرتب شدہ رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر ساجد میر کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبا کو وظائف دینے کے معاملے کا جائزہ لیا۔آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے بجٹ میں کمی کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ آزاد کشمیر کیلئے 3.52 ارب اور گلگت بلتستان کیلئے 3.79 ارب بجٹ رکھا گیا جبکہ اس سے قبل 29.8 اور 21.3 ارب مختص تھے ۔ کمیٹی نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بجٹ میں کمی پر شدیدتحفظات کا اظہار کیا۔ سیکرٹری امور کشمیر کا کہنا تھا کہ بجٹ کٹوتی ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کے باعث کی گئی۔ وفاق کشمیر اور جی بی کو ہر ممکن معاونت فراہم کررہا ہے ،آزاد کشمیر کی حکومت کو خود بھی چاہیے کہ وہ ریونیو جنریشن کی طرف جائے ۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طلبا کیلئے وظائف میں اضافہ کیا جائے اور وظیفہ کم از کم 10ہزار روپے مختص کیا جائے ۔ اجلاس میں پلوامہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور الزامات کی مذمت کی گئی۔ سینیٹر رحمن ملک نے قرارداد بھی پیش کی جسکی کمیٹی نے اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔ ادھرسینٹ فنکشنل کمیٹی حکومتی یقین دہانی نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی کوٹہ پر عملدرآمد نہ کرنے پر شدید تحفظات کااظہارکیا ۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر طاہر خان بزنجو کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ متعلقہ وزیر نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ملازمت کیلئے صوبائی کوٹہ کے معاملہ کو کیبنٹ میں جلد پیش کر کے فیصلہ کر لیا جائیگامگر اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا ۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ وزارت قانون کے ساتھ مل کر سپریم کورٹ کی ججمنٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے 15 دن میں اس متعلق آئینی ترمیم کاڈرافٹ فائنل کر لیا جائیگا۔ ایبٹ آباد میں قومی وبین الاقوامی کرکٹ میچ منعقد کرانے کے حوالے سے سپیشل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے بتایا کہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کرانے کیلئے ایئر پورٹ اور فور یا فائیو سٹار ہوٹل ہونا ضروری ہے ، آئی سی سی نے پی ایس ایل کیلئے ابھی لاہور اور کراچی کو کلیئر کیا ، حالات بہتر ہونے پر دیگر شہروں میں بھی میچ کرائیں گے ۔ کمیٹی نے سکھر ، ملتان ، حیدر آباد اور فیصل آباد میں میچ کرانے کی سفارش کر دی ۔ فنکشنل کمیٹی میں این ٹی ایس کی کارکردگی کا جائز ہ لیا گیا ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر این ٹی ایس ڈاکٹرطیب اکرم نے بتایا کہ ادارہ پہلے امیدوار سے ایک ہزار روپے فیس وصول کرتا تھا، اب پانچ سو روپے کمی کر دی گئی ۔کمیٹی نے این ٹی ایس کے ٹیسٹ نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شفافیت لانے اور این ٹی ایس ٹیسٹ کی مزید فیس کم کرنے کی سفارش کی ۔