لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ آسٹریلیا کے لئے قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سکواڈز کا اعلان کر دیا گیا، سابق کپتان سرفراز احمد دونون فارمیٹ میں ڈراپ ، ان کی جگہ محمد رضوان وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ، سری لنکا کے خلاف کھیلنے والی ٹی ٹونٹی ٹیم میں چھ تبدیلیاں کر دی گئیں، ٹیسٹ سکواڈ میں بھی نئے چہرے سامنے آ گئے ، چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سکواڈ کا علان کرتے ہوئے کہا کہ محمد حفیظ، شعیب ملک اورسلمان بٹ سمیت سب پر دروازے کھلے ہیں جبکہ سرفراز احمد بھی دومیسٹک کرکٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں کے لئے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ بابر اعظم قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ ٹیم میں آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل ، محمد حسنین ، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ ، محمد عامر، فاسٹ باؤلر محمد عرفان، محمد رضوان، موسی خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے 16 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم کا بھی اعلان کردیا گیا۔ اظہر علی قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے ۔دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل ، افتخار احمد، عمران خان سینئر، امام الحق، کاشف بھٹی، محمد عباس ، محمد رضوان ،موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ 26 اکتوبر کو سڈنی روانہ ہوگا۔ ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں شرکت کے بعد آسٹریلیا روانہ ہوں گے ۔ قومی ٹی ٹونٹی ٹیم سیریز سے قبل ایک وارم اپ میچ کھیلے گی۔ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم 2 وارم اپ میچز کھیلے گی ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ آسٹریلیا سیریز ہمیشہ بہت اہم ہوتی ہے ۔چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ کی حیثیت سے خواہش ہے کہ آسٹریلیا کو شکست دیں۔ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سکواڈ میں سر پرائز رکھا ہے ۔میرا پیغام بڑا واضح ہے کہ ہم نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دیں گے ۔ہم صرف سیریز کھیلنے نہیں جا رہے بلکہ ہ کو شش کریں گے کہ نوجوان ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کو شکست دیں۔کپتانی کے حوالے سے سوال پر مصباح نے کہا کہ چیئرمین ،چیف ایگزیکٹیو اور میری طویل مشاورت ہوئی۔ سرفراز احمد کی کپتانی کا آخری فیصلہ چیئرمین پی سی بی نے کیا۔ان کی فارم اور کپتانی کے لئے اعتماد بہت نیچے تھا ۔سرفراز احمد اپنی فارم بحال کرکے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔اوپنرز اورشان مسعود کی سلیکشن بارے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز میں شان مسعود نے اچھا پرفارم کیا تھا۔ عابدعلی اور امام الحق نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا پرفارم کیا ہے ۔محمد حسنین کی فٹنس پر کام کررہے ہیں۔شاداب خان کے ساتھ کام کررہے ہیں اور اس کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے ۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں آصف علی اور فخرزمان کے علاوہ کسی بلے بازکاسٹرائیک ریٹ140 کا نہیں ہے ۔انہون نے مزید کہا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک سمیت کسی بھی کھلاڑی کے لئے ٹیم کے دروازے بند نہیں ہیں۔ دورہ آسٹریلیا مختصر ہے اس لئے رضوان کے ساتھ دوسرا وکٹ کیپر نہیں لیا۔ بیک اپ وکٹ کیپر ہمارے پاس موجود ہے ۔ محمد نواز کی جگہ اضافی فاسٹ باولر کو ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ اس وقت تمام انٹر نیشنل اوپنرز پرفارم کررہے ہیں اس لئے سلمان بٹ کی جگہ نہیں بن پارہی۔ہم نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں سپیشلسٹ باولرز کو موقع دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کیلئے ہم بھی آسٹریلیا کی طرح جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے ۔