اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے منگل کو وزارت خارجہ میں ڈپلومیٹک کور کو بریفنگ دی۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے ڈپلومیٹک کور کو آگاہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کہا مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈائون اور ذرائع ابلاغ پر بدستور پابندی عائد ہے ۔سیکرٹری خارجہ نے ڈپلومیٹک کور کو آگاہ کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زیادہ معصوم کشمیری بھارتی جبر و تشدد کے باعث شہید ہو چکے ہیں۔ڈپلومیٹک کور کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہی کیلئے ایک ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔