اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں سیکرٹری فنانس کی عدم شرکت پر کنوینر نور عالم خان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاً اجلاس موخر کر دیا ۔کنوینر نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالا دستی تسلیم نہ کرنیوالے افسران کیلئے کوئی جگہ نہیں۔اجلاس پر اٹھنے والے اخراجات متعلقہ پرنسپل اکائونٹنگ آفیسرسے وصول کیے جائینگے ۔ کمیٹی نے سیکرٹری خزانہ کی عدم شرکت پر اظہار ناراضی کا خط لکھنے کی بھی ہدایت کی ۔دوسری ذیلی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے حلال فوڈز اتھارٹی کو فعال بنانے اور ملک میں سائنس سکول کے قیام کی ضرورت پر زور دیا جبکہ سیکرٹری سائنس وٹیکنالوجی نے کمیٹی کو بتایا کہ قمری کلینڈر ترتیب دیکر وزارت مذہبی امور کو بھیجا گیا ہے ، وہ اس کا فیصلہ کریگی ، وزارت مذہبی امور کے مطابق چاند کی رویت ضروری ہے ۔ اکاونٹس کمیٹی کی جائزہ اور عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس کنوینررانا تنویر کی صدارت میں ہوا جس میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 1999سے 2009کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا ۔