فیصل آباد(راناافتخارخاں) پنجاب حکومت نے تمام اضلاع میں نجی کمپنیوں کے سکیورٹی گارڈز کی رجسٹریشن اور تربیت کے لئے محکمہ پولیس میں الگ سیل بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلہ میں وزارت قانون نے سمری تیار کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی ہے ۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ براہ راست اس سیل کی نگرانی کرے گا۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کروائے جانے والے سروے کے مطابق اس وقت پنجاب بھر میں نجی سکیورٹی گارڈز کی تعداد ایک لاکھ کے قریب ہے ۔ جو بنکوں سمیت مالیاتی اداروں، تعلیمی اداروں، فیکٹریوں، دفاتر اور دکانوں اور کاروباری مراکز وغیرہ میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں تقریباً 15 ہزار کے قریب سکیورٹی گارڈز مختلف سیاسی، مذہبی، کاروباری اور ثقافتی شخصیات کے ہمراہ ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں۔ تاہم ان تمام سکیورٹی گارڈز کے کوائف اور ان کی جانچ پڑتال کیلئے عارضی قسم کے طریقہ کار موجود ہیں۔ سکیورٹی گارڈز کی تربیت کے حوالہ سے نقائص موجود ہیں۔ اب ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اسے مربوط نظام سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے لئے تمام اضلاع میں محکمہ پولیس کا اسپیشل سیل اس کام کا ذمہ دار ہوگا۔ جس کے تحت سکیورٹی کمپنیاں اور نجی طور پر رکھے جانے والے سکیورٹی گارڈز کو بھرتی کرنے سے قبل اندراج کرانا لازمی ہوگا۔ جس کے بعد محکمہ پولیس کی طرف سے سکیورٹی گارڈز کا نفسیاتی، میڈیکل اور اسلحہ کی تربیت کا ٹیسٹ لیکر ’’این او سی‘‘ جاری کیا جائے گا۔