کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی پھر لوٹ آئی ۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباؤ بڑھنے کے باعث پیر کو دن بھرمندی چھائی رہی جس کے نتیجے 653.30پوائنٹس کمی سے 34471.95 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ81فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو96ارب40کروڑ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑا۔کاروباری حجم بھی گذشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت39.08فیصدکم رہا۔گزشتہ روز کاروبار کا آغازمثبت زون میں ہوا لیکن بعد ازاں سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کی صورتحال ،وفاقی بجٹ پر اپوزیشن کے سخت رویے کے سبب بجٹ کی منظوری التوا میں جانے کے خدشے ،ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس وصولی کیلئے انقلابی اقدامات سے جڑی خبروں اور ایف آئی ٹی ایف کی جانب سے پاکستانی اقدامات پر عدم اطمینان کی خبروں کے باعث سرمایہ کار مارکیٹ میں نئی پوزیشن لینے سے گریز کرتے اور حصص فروخت کو ترجیع دیتے نظر آئے جس کے نتیجے میں انڈیکس34368پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا بعد میں تھوڑی ریکوری بھی آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 653.30پوائنٹس کمی سے 34471.95 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس344.32پوائنٹس کمی سے 16287.45پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 1561.87 پوائنٹس کمی سے 55144.34پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس346.89پوائنٹس کمی سے 25275.81 پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر337کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 46کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،273کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ18کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔