لاہور، گجرات ، شیخوپورہ، منڈی بہاؤ الدین، پھالیہ، جھنگ ( کرائم رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، تحصیل رپورٹر، نمائندہ خصوصی ) مانگا منڈی میں پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو بھائی نے گھر بلا کر چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا، سعدیہ نے چند سال قبل پسند کی شادی کی، بھائی اظہر ناراض تھا، اظہر نے سعدیہ کو گھر بلایا اور چھریوں سے وار کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ گجرات کے گاؤں بٹر میں گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرنیوالی 19 سالہ خاتون کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، ہری پور اسلام آباد کی سمیرا کو بٹر میں علی رضا کے گھر کے صحن میں پراسرار طور پر مارا گیا، مقتولہ کے شوہر علی رضا کا جائیداد کا تنازع بھی چل رہا تھا، پولیس نے گھر کے نوکر سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا، دو نامزد اور دیگر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ منڈی بہاؤالدین میں پھالیہ کے چک جانو کلاں میں زمین تنازع پر بااثر افراد نے عمر رسید ہ بیوہ خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، رشیدہ بی بی بیوہ غلام علی قوم جٹ وڑائچ گھر سے روٹیاں لگوانے تندور جا رہی تھی ، مسلح افراد نے پسٹل سے فائرنگ کردی، رشیدہ جاں بحق ہوگئی، رشیدہ کا گاؤں کے بااثر خاندان سے زمین کا کیس چل رہا تھا، کیس کی سماعت کی تاریخ بھی آج مقرر تھی، مبینہ طور پر خاتون کو کیس کی پیروی سے نہ رکنے پر قتل کیا گیا، مقتولہ کے بیٹے کی مدعیت میں تھانہ پاہڑیانوالی میں عنایت وڑائچ اور اس کے 3 بیٹوں عامر، قمر، تبریز کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ شیخوپورہ میں تھانہ بھکھی کے علاقہ کلانوالہ میں کھیتوں میں پانی لگانے کے تنازع پر زمیندار کو قتل کردیا گیا، مقتول علی محمد کا ملزمان امداد اور دیگر سے پانی لگانے پر جھگڑا ہوگیا، مبینہ طور پر ملزمان نے علی محمد کو قتل کردیا۔ لاہورباغبانپورہ میں بعض افرادنے فائرنگ کرکے 45 سالہ جمیل عرف بلا گجر کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ، مقتول نے 10 سال قبل کاشف عرف کاشی وغیرہ کے بھائی کو قتل کیا تھا ، دونوں گروپوں میں کشیدگی چل رہی تھی ، مبینہ طور پر کاشف نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جمیل کو بند روڈ پر فائرنگ کرکے قتل کردیا ، کاشف اور اس کے ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ کاہنہ کے علاقہ گجومتہ سبزی منڈی کے قریب 50 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوگئی، نامعلوم نعش کو مردہ خانہ منتقل کردیا گیا۔ جھنگ کے حفا ظتی بند روڈ پر بو ری میں بند دس سالہ بچی کی نعش بر آمد ہوگئی ،بچی مدرسے کیلئے گھر سے صبح گئی مگر واپس نہ آئی ، تھانہ سٹی کی حدود میں صوفی موڑ کے قریب دس سالہ بچی کی لا ش بر آمد ہو ئی ،لاش کو بوری میں بند کر کے سڑک کے کنا رے پھینک دیا گیاتھا، لواحقین کا کہنا ہے کہ شازیہ صبح گھر سے مدرسہ کے لئے نکلی لیکن واپس نہ آئی، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے لی، لواحقین نے صوفی موڑ کو ٹائر جلا کر مظاہرہ کیا۔