کراچی (سٹاف رپورٹر ) سابق امریکی سفارتکار کیمرون منٹر کا کہنا ہے کہ ہمسائے بدل نہیں سکتے ، پاکستان کو سمارٹ ڈپلومیسی کرنی ہو گی۔ پاکستانیوں کیلئے بھارت سے محبت کرنا بہت مشکل ہے لیکن کوشش کریں، ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران کی کیمسٹری اچھی ہے جو رہنماؤں کیلئے بہت اہم ہوتی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر سے امریکہ میں اچھی ساکھ بنائی، یہ پہلا قدم ہے ، امید ہے اس سے مستقبل میں تعلقات مزید بہتر ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کے تحت اپنے اعزاز میں بریک فاسٹ ڈائیلاگ سے خطاب اور بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا پاکستان کو بھارت کیساتھ اپنے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ کشمیر کے مسئلے پردنیا نے بھارت کی مذمت کی ہے ۔ مسئلہ کشمیر بہت اہم ہے لیکن اسکی وجہ سے تعلقات بالکل منقطع نہیں ہونے چاہئیں، پاکستان کو اپنا ڈومیسٹک ایجنڈا بھی بنانا چاہئے ۔امید ہے مسئلہ ایٹمی جنگ تک نہیں جائیگا۔پاکستان کو ٹیکس ریفارم، تعلیم، انصاف جیسے مسائل کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔پاکستان کو دیانتداری سے سوچنا چاہیے کہ چین اسے کیا دے رہا ہے ، چین پاکستان کا دوست ہے ، اسی طرح امریکہ بھی پاکستان کا دوست ہے ۔