کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان اورسوئٹزرلینڈ کے مابین دوہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے ترمیمی معاہدے پرعمل درآمد سوئس پارلیمنٹ کی جانب سے توثیق نہ ہونے کے باعث التوا کاشکارہوگیا۔اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ایک سینئرافسر نے بتایا کہ تنظیم برائے اقتصادی تعاون وترقی (او ای سی ڈی) کا رکن بننے کے بعد پاکستان اورسوئٹزرلینڈ کے درمیان دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے ترمیمی معاہدے پردستخط کیے گئے تھے جسکے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے معلومات کے تبادلے کے پائلٹ پراجیکٹ کوحتمی شکل بھی دی جاچکی ہے ۔معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان معلومات کا تبادلہ جنوری 2018 سے متوقع تھا تاہم ترمیمی معاہدے کی دونوں ممالک کے متعلقہ فورمزسے توثیق ضروری تھی، مذکورہ افسر نے بتایا کہ پاکستانی وفاقی کابینہ معاہدے کی توثیق کرچکی ہے ،سوئٹزرلینڈ کے دونوں ایوانوں سے توثیق ضروری تھی،ایک ایوان سے توثیق ہوچکی جبکہ دوسرے ایوان سے ابھی توثیق نہیں ہوئی جس سے معاہدے پرعمل درآمد شروع نہیں ہوسکا، افسرکے مطابق توقع ہے کہ سوئس پارلیمنٹ کا دوسرا ایوان بھی جلد توثیق کردیگا اورمعاہدے پرعمل درآمد شروع ہوجائیگا۔