لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام،انفراسٹرکچر کی فراہمی،انڈسٹریل اسٹیٹ کی آبادکاری اور قائداعظم بزنس پارک کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین پیڈمک نبیل ہاشمی،ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وتجارت اشعر زیدی،سی ای او پیڈمک اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نئے سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے صنعتی انقلابی برپا ہو گا۔ نئے صنعتی زونز کا قیام وزیراعظم عمران خان کے مستحکم پاکستان ویڑن کا عکاس ہے ۔موٹروے ایم ٹوشیخوپورہ انٹر چینج کے قریب پاکستان کا واحد سمارٹ انڈسٹریل زون قائداعظم بزنس پارک بنایا جارہا ہے اوراس بزنس پارک کا رواں ماہ کے آخر میں افتتاح ہو گا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک میں عالمی معیار کا انفرسٹرکچر،ون ونڈ آپریشن،فیکٹر ی آؤٹ لیٹ اور ایکسپو سنٹر کی سہولت بھی ہو گی۔سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو درآمدی مشینری پر ٹیکس کی چھوٹ اور دیگر خصوصی مراعات حاصل ہو ں گی۔