اسلام آباد ، مکہ مکرمہ(سپیشل رپورٹر ، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے مکہ میں او آئی سی سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ سیاسی، معاشی اور تجارتی تعلقات پرتبادلہ خیال کیا ۔سعودی ولی عہد نے اجلاس میں شرکت پر وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران کیے گئے فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد اور سپریم کوارڈی نیشن کونسل کے پہلے اجلاس کے فیصلوں پر بھی جلد عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم نے موخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل کی فراہمی پر سعودی حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے بروقت برادرانہ اقدام سے مشکل وقت میں پاکستان کی معیشت کو مدد ملی۔وزیراعظم سے بوسنیا کے صدر سیفک ڈی زافیرووک نے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مشترکہ مسائل کے خاتمہ کیلئے مسلمان ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ہفتہ کو وطن واپس پہنچ گئے ۔