لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنا غیرآئینی،جلسے ناکام رہنے پر پی ڈی ایم ٹولہ توبہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں محنت اوراخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم پاکستان کی ترقی او رخوشحالی کی دشمن ہے ۔ عقل سے عاری یہ ٹولہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے ۔ ان عناصر کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ پی ڈی ایم سن لے کہ 2023تک عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے اور 2023 میں عام انتخابات میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر تحریک انصاف کو پذیرائی دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دوغلے پن کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ اپوزیشن کی جانب سے کورونا کی پہلی لہر میں سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا گیا اور اب جبکہ کورونا کی دوسری لہر میں شدت آ رہی ہے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن جلسے کر رہی ہے ۔ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عوام کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے اور اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں عمومی صورتحال، کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر چل رہی ہیں۔ اس ٹولے نے پہلے ملک کو لوٹا اور اب کورونا کے دوران عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اورایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عاطف پرویز، جنرل سیکرٹری عدنان لودھی، نائب صدر ارسلان حیدر، سیکرٹری خزانہ ارشد مہدی، جوائنٹ سیکرٹری اظہارالحق اور سیکرٹری ا طلاعات عثمان غنی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔