اسلام آباد (وقائع نگار)ٹرکش ایئرلائن پیگاسوس نے آج سے پاکستان کیلئے اپنا فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا، پیگاسوس کی پہلی پرواز ترکی سے کراچی آئے گی۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان نئے روٹس متعارف کراتے ہوئے کراچی سے استنبول براستہ سبیہہ گوکسین کنیکٹنگ فلائٹ کیلئے آپریشن ہوگا۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ نے پیگا سوس ایئرکو پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے ۔ ترجمان پیگاسوس ایئرلائن کے مطابق پیگا سوس استنبول کے سبیہہ گوکسین ایئرپورٹ سے قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کریگی ۔ پروازیں پیر، بدھ، جمعہ اور اتوار کوکراچی آئیں گی جبکہ قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازیں ہر پیر، منگل، جمعرات اور ہفتہ کو ترکی کے لئے روانہ ہوں گی۔ ترجمان پیگاسوس ایئرکے مطابق پیگاسوس ایئرلائن کراچی سے مسافروں کو مانچسٹر، لندن، زیورخ، پیرس اور دیگر ممالک کیلئے بھی سہولیات فراہم کرے گی۔ پیگاسوس ایئرلائن نے دسمبر سے ہیتھرو ،لندن سے براہ راست پروازیں لاہور اور اسلام آباد کیلئے بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔