لاہور( نیٹ نیوز) گلوکار عدنان سمیع اور سینئر اداکارہ زیبا بختیار کے صاحبزادے گلوکار اذان سمیع نے حال ہی میں ایک ویب شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے والدین کی طلاق اور اس کے بعد اپنی زندگی پر پڑنے والے اثرات پر کھل کر بات کی ۔ اذان سمیع کا کہنا تھا کہ کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ تلخی تو تھی، ایسا نہیں ہے کہ نہیں تھی لیکن جب میں خود والد بنا تو مجھے بہت سی چیزیں واضح ہوگئیں، میں نے پھر اپنے والدین کو والدین کی بجائے بطور انسان بھی دیکھنا اور جانچنا شروع کیا ۔اذان سمیع نے کہاکہ اگر کوئی بھی اس تلخی سے گزرہا ہے تو یہ نارمل ہے اور آپ کو سمجھنا چاہیے کہ آپ کے والدین بھی انسان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خدا کے بعد میں جو کچھ بھی ہوں، اپنی والدہ کی وجہ سے ہوں اس میں ذرہ برابر بھی کوئی شک نہیں کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میرے لیے قربانیاں دی ہیں۔