کراچی (92 نیوزرپورٹ) سٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا۔ بنیادی شرح سود 7 فیصد پر برقرار رکھی گئی۔گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے نرخ بڑھنے سے مہنگائی کی شرح 7 سے 9 فیصد رہنے کا خدشہ ہے ، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی عارضی اضافے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا ملک کے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، کورونا کے باعث معیشت میں وہ بہتری نہیں آئی جو آنی چاہئے تھی، کورونا کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہوا۔اُنہوں نے کہا معاشی ریکوری کو سپورٹ کرنا وقت کی ضرورت ہے ، کمیٹی نے معاشی اعدادوشمار کے بعد شرح سود کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 8 سے 9 فیصد رہنے کی امید ہے ، ابھی بھی وہ بہتری نہیں آئی جو ہم اپنی عوام کے لئے دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ایک وقت تھا جب کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سالانہ 19 ارب ڈالر کا تھا، آج کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں ہے ، ہم نے ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ بیس بنایا اور اسے مستحکم کیا۔