اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،صباح نیوز،92 نیوزرپورٹ،اپنے نیوز رپورٹر سے ) احتساب عدالت اسلام آبادکے جج اعظم خان نے نیب کو 6 اگست تک ایل این جی کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمے میں نامزد ملزم سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کر دی۔ جمعہ کوشاہد خاقان عباسی، عظمی عادل سمیت دیگر ملزمان نے کمرہ عدالت میں حاضریاں لگائیں، نیب پراسیکیوٹرعثمان مرزا نے کہا سپلیمنٹری ریفرنس کی تیاری آخری مراحل میں ہے ،کچھ نیا ریکارڈ ملا ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں ، ریفرنس مکمل کرنے کیلئے مزید تین سے چار ہفتے درکار ہونگے ،عدالت نے کہا جب سپلیمنٹری ریفرنس آئے گا تب ہی فرد جرم عائد کی جاے گی،شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹرظفر اللہ نے کہاہمارے ساتھ ایسا تماشا نہ لگایا جائے ،جب تک نیب ریفرنس دائر نہیں کرتا تب تک سماعت ملتوی کی جائے ۔احتساب عدالت لاہور نے چیئرمین نیب اور ڈی جی آئی ایس آئی کے نام پر فراڈ کے کیس میں ملوث ملزمہ طیبہ گل اور فاروق نول کیخلاف سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی، عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرکے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکیل سے بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے ۔ احتساب عدالت لاہورکے جج جواد الحسن نے علامہ اقبال ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی ساہیوال کے مالک شمزید حسین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 جولائی تک توسیع کرکے نیب پراسیکیوٹر سے آئندہ سماعت پر ریفرنس سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت لاہور نے الرحمان سٹی فیز ٹو ساہیوال ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس میں ملزم محمد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 جولائی تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس کے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت لاہور نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں 360 ملین کرپشن کے کیس میں دو ملزمان احمد سعید اور محمد عارف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 جولائی تک توسیع کر دی۔ شاہد خاقان ریفرنس