کوئٹہ (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے کوئٹہ میں بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سردار اختر مینگل نے مرکز میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے پر رضا مندی ظاہر کر دی ۔ اختر مینگل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6نکاتی معاہدہ ہوگیا۔بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے سب کی نیت صاف ہونی چاہئے ۔پی ٹی آئی نے ہماری باتوں سے اتفاق کیا ہے ۔گزشتہ70سال سے بلوچستان کے عوام مشکلات کا شکاررہی۔امید ہے مستقبل میں بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کرینگے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل حل کرینگے ،مذاکرات کامیاب رہے ،معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ملکر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تحریک انصاف بلوچستان کی اہمیت سے غافل نہیں ہے ۔دوسری جانب سندھ میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے بھی تحریک انصاف کے معاملات طے پاگئے ۔ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین آج ایک روزہ دورے پر کراچی جائیں گے ۔