اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے ملائیشیا اور سنگاپورکے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے کئے اور کوروناسے نمٹنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ حشام الدین حسین کو منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی اور عالمی وبا سے ملائیشیا میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے موجودہ کروناکے باعث کمزور معیشتوں کو درپیش شدید مشکلات کے پیش نظران کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی تجویز سے آگاہ کیااور کہا کہ ری سٹرکچرنگ سے انہیں اپنے وسائل اس عالمی چیلنج سے نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے استعمال کرنے کا موقع میسر آئے گا۔ملائیشین وزیر خارجہ نے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے معاملے کو جی 20 ممالک کے ساتھ اٹھانے کا عندیہ دیا۔ شاہ محمود نے اپنے ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔شاہ محموداور سنگاپور کے وزیر خارجہ وویان بالا کرشنن کی گفتگو میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔شاہ محمود نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سنگاپور کی موبائل ایپلی کیشن ’’ٹریس ٹو گیدر‘‘قابل تحسین ہے ،پاکستان اس تجربے سے استفادہ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے ۔شاہ محمود نے سنگاپورکے ہم منصب کو بھی قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی تجویز سے آگاہ کیا اوراس امید کااظہار کیا کہ سنگاپور اس تجویز کو آگے بڑھانے میں بھرپور معاونت کریگا۔