لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے بیانات سے ایسا لگ رہاہے کہ جیسے پوری دنیا میں کرونا وائرس عمران خان اور عثمان بزدار کی وجہ سے ہوا ہے ، اگرکسی کو لگاہے کہ حکومت نے شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ جاری کرائے ہیں تو وہ عدالت سے رجوع کرے ، شاہد خاقان عباسی نے ماضی میں جوکیا وہ بھگت رہے ہیں۔ پروگرام کراس ٹاک میں میزبان اسداللہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنہوں نے جو غلط کیا ہے وہ پھنس جائیں گے ، عمران خان کو کرفیو کے حوالے سے کوئی مس لیڈ نہیں کرسکتا،میں عمران خان کے وژن کو سلام پیش کرتا ہوں کہ ان کی باتیں درست ثابت ہورہی ہیں۔ تجزیہ کار اوریا مقبول جان نے کہاہے کہ مجھے لگتا ہے کہ عمران خان کے سامنے حقیقت پیش نہیں کی جارہی ہے ،تفتان میں تین کمرے نہیں اس میں کوئی سچ نہیں،کرفیو کے دوران موومنٹ کنٹرول ہوتی ہے کسی کو بند نہیں کیاجاتا یہ سیکشن 144کے تحت لگایاجاتا ہے ،یہ قوم اپیل سے نہیں رکے گی ،موومنٹ رکتی نہیں بلکہ کنٹرول کی جاتی ہے ۔ تجزیہ کار ا رشاد احمد عارف نے کہا ہے کہ کیا کسی ملک میں ایسا ہوا کہ کرونا سے لڑنے کیلئے جیلوں کے دروازے کھول دیں یا عدالتوں کو بند کردیں یہ عجیب منطق ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف حکومت نے ریفرنس دائر کیا ، میراخیال ہے کہ اپوزیشن کے پاس کوئی موضوع نہیں اس لئے وہ کرونا وائرس پر سیاست کررہی ہے ،وزیراعظم کی گزشتہ روز کی گفتگو سے لگتا ہے کہ حکومت نے دوماہ ضائع کردیئے ،اب بھی ا گر سوچ بچار میں وقت ضائع کیا گیا تو زیادہ نقصان ہونے کا خدشہ ہے ۔ڈاکٹر اعجازقریشی نے کہا کہ اس مرض سے بچنے کیلئے قوت مدافعت بہت ضروری ہے ، کروناوائرس سے بچنے کیلئے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں اجتماع والے مقامات پرنہ جائیں،کرونا کے ساتھ اسی موسم میں ڈینگی کا بھی خطرہ موجود ہے ۔سابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے کہاکہ دنیا کی تمام معیشتیں ایک مشکل وقت سے گزررہی ہیں ہمارے ہاں اللہ کاشکرہے کہ کوئی ایسی بڑی تباہی نہیں آئی البتہ ہمارے ریسپانس میں تھوڑی بہت تاخیرہوئی ہے ،میں سمجھتاہوں کہ آئندہ چند دنوں میں بہتری آئے گی۔