لاہور( سٹاف رپورٹر،اپنے نیوز رپورٹر سے ، 92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلا ف شہباز شریف نے کہا ہے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نواز شریف سے قربت کی سزا دی گئی ۔مسلم لیگ ن کو عوام کی خدمت کی سزا دی جارہی ہے لیکن عمران خان جان لے یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا۔ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا نیب اور عمران خان کی ملی بھگت سے ن لیگ پر ایک اور وار کیا گیا ۔ یہ وہ تماشا ہے جو عمران خان اور نیب کی ملی بھگت سے لگا ہے ، اس کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان نے 11 ماہ میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا اور اس تباہ شدہ معیشت کے جنازے کو ان گرفتاریوں کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں، جبکہ ظلم و زیادتی کرکے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کو بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا ۔شاہد خاقان عباسی نے جب احتجاج کیا اور کہا گرفتاری کے وارنٹ کہاں ہیں تو نیب کے وہاں موجود حکام ایک دوسرے کے منہ دیکھنے لگ گئے ، وہ بھاگے اور تھوڑی دیر میں ان کا ایک افسر آیا ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا مجھے کوئی مسئلہ نہیں میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتاہوں آپ مجھے گرفتاری کا حکمنامہ دکھائیں اور گرفتار کر لیں جس پر ڈی جی نیب آئے اور انہوں نے واٹس ایپ پر ایک میسج دکھایا ، تو شاہد خاقان نے کہا یہ کیا ہے مجھے تحریری حکمنامہ دکھائیں،وہ پھر گئے اور فوٹو کاپی لیکر آئے ،یہ احتساب کے نام پر ن لیگ کیخلاف بد ترین انتقام ہے اور نیب بھی اس میں برابر کا شریک ہے ۔ عمران خان مغرور، غصے سے بھرااور نا اہل وزیراعظم ہے ۔ نیب اور عمران خان کا کلہاڑا ن لیگ پر اس لے چل رہا ہے کہ ہم نے عوام کی خدمت کی لیکن عمران نیازی نے کچھ ماہ میں ہی معیشت کا جنازہ نکال دیا۔ انہوں نے الزام لگایا اربوں روپے لوٹنے والوں کو گرفتار نہیں کیا جا رہا کیونکہ وہ حکومتی سسٹم میں ہیں، بی آرٹی پشاور میں ناقص میٹریل اور کرپشن سب کے سامنے ہے لیکن نیب خاموش ہے ۔ نیب کو عمران نیا زی چلا رہے ہیں ۔چاہے ساری اپوزیشن کو بند کردیں پھر بھی ہمارے حوصلے پست نہیں ہو نگے ۔ انہوں نے کہا زلزلہ زگان کے پیسہ کھالینے کا الزام مجھ پر ایٹمی حملے سے کم نہیں۔میں اس الزام کیخلاف لندن کی عدالت جارہا ہوں وہاں ایک سسٹم ہے ۔ فیصلہ میرے خلاف آیاتو سیاست سے کنارہ کشی کرلوں گا۔ان کیخلاف فیصلہ آیا تو عوام خود فیصلہ کریں گے ۔مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا میرے ہم وطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیر اعظم گرفتار، جو آپ کے ووٹ سے آئے گا، کیا یہی لا قانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟پاکستانیو!آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام زمانہ ادارے کی ایک فوٹوکاپی کی مار ہے !۔سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا جو کچھ ماحول ہے وہ عمران خان کی ایما پر ہے ۔ہمیں گرفتار کریں گے تو کیا پاکستان ترقی کرنا شروع ہوجائے گا۔مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے نیب کو ن لیگ اکائونٹیبلٹی بیورو قرار دیتے ہوئے کہا ہم اسلام آباد سے لاہور آرہے تھے ، ٹھوکر پہنچتے ہی رینجرز نے گاڑی کو روکا اور گرفتاری کے احکامات کا بتایا۔نیب حکام نے وٹس ایپ کے ذریعے گرفتاری آرڈرز دکھائے ۔گرفتاری وارنٹ غیر تصدیق شدہ تھے ۔آج جمہوریت کیلئے ایک اور سیاہ دن ہے ۔ عوام کے ووٹوں سے منتخب ایک اور وزیراعظم کو نیب گردی اور پسپائی گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ ہم عمران خان نیازی کو پاکستانی ہٹلر نہیں بننے دیں گے ، پاکستانی قوم نے باوردی آمر کو ہٹلر نہیں بننے دیا تو آپ کیا چیز ہیں۔ سلیکٹڈ اور مسلط وزیر اعظم تم ہماری آواز بند نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا سوال یہ ہے کہ تمہارا یجنڈا کیا ہے ، کیا سویلین انسان نہیں ، کیا سویلین خدمت نہیں کر سکتے اور چور ہیں ۔ ہم اسے مزید برداشت نہیں کر سکتے ۔ہماری جان لے لیجیے لیکن سیاستدانوں کو بدنام کرنے کا کھیل بند کیا جائے ۔مریم اورنگزیب نے کہا عمران نیازی نالائق او رسلیکٹڈ ہے ، آج ایک سابق وزیر عظم کو ایک فوٹو کاپی پر گرفتار کیا جاتا ہے ، جب نیب کے اہلکاروں سے پوچھا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں ہمارے پاس وارنٹ گرفتاری نہیں اور اوپر سے حکم آیا ہے کہ گرفتار کیا جائے ۔ عمران نیازی یہ ہے تمہارا نیا پاکستان ! تم سلیکٹڈ او رنالائق تھے ہی اب تم ڈر پوک بھی ہو لیکن تم سازش سے ( ن) لیگ کی آواز کو بند نہیں کر سکوگے ۔ تم اجتماعی وارنٹ گرفتاری پرنٹ کرا کے رکھ لو اور سب کے نام لکھ دو ،تم نقلی تو ہی تھے اب نقلی وارنٹ گرفتاری پر گرفتاریاں بھی کراتے ہو ۔