اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت کے خلاف نیب کی اپیلوں کی سماعت آج ہوگی۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کے خلاف پولو گراؤنڈ اور ارسْس ٹریکٹر ریفرنس میں نیب کی اپیل تین سال بعد دوبارہ سماعت کے لئے مقرر کردی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر مشتمل دو رکنی بینچ سماعت کرے گا۔احتساب عدالت نے آصف زرداری کو 28 مئی 2014 کو پولو گراؤنڈ ریفرنس میں اور اْسی سال 12 دسمبر کو ارسس ٹریکٹر ریفرنس میں بری کردیا تھا، نیب نے 2014 میں ہی ان کی بریت کو چیلنج کیا تھا۔ آصف زرداری پر سرکاری خرچ پر وزیراعظم ہاؤس میں پولو گراؤنڈ تعمیر کرانے اور ارسس ٹریکٹرز کی خریداری کے ٹھیکے میں رشوت وصولی کے الزامات تھے ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کا خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ کیس،انسداد دہشتگری عدالت میں بیرسٹر فہد ملک قتل کیس سنا جائیگا ۔راجہ پرویز اشرف کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ذیشان کیس کی بھی آج سماعت ہوگی ۔