لاہور،اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی،وقائع نگار، سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت میں آشیانہ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف نیب کے مرکزی گواہ شفیق اعجاز پر تمام ملزمان کے وکلانے جرح مکمل کرلی ۔عدالت نے 9دسمبر کو نیب کے مزید گواہوں کو شہادتوں کے لیے طلب کرلیا ،شہباز شریف پیش نہیں ہوئے ،سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو جیل حکام نے عدالت میں پیش کیا۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف وغیرہ کے خلاف رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنسز پر جج کی عدم موجودگی کے باعث سماعت15جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ احتساب عدالت نے پنجاب یوتھ فیسٹیول سکینڈل میں ملوث سابق ڈی جی سپورٹس عثمان انور، طارق وٹو، ولیت علی شاہ اور ظہور احمد سمیت دیگر ملزمان کے مزید 18 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی عدالت میں زیر سماعت توقیر صادق اور دیگر کیخلاف اوگرا کرپشن ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی9 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکائونٹس کیس میں ندیم مانڈوی والا اور مبینہ بے نامی دار طارق کی ضمانت منظور کرلی ،ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے بھائی ندیم مانڈوی والا اور مبینہ بے نامی دارطارق نے جعلی اکائونٹس کیسز میں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔