اسلام آباد؍ لاہور ( خبر نگار خصوصی؍ مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے برطانوی اخبارکے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ اپنے ایک ٹویٹ میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف خود ساختہ اور گمراہ کن خبر عمران خان اور شہزاد اکبر کے ایما پرچھاپی گئی،وہ وزیراعظم عمران خان اورشہزاداکبرکے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کریں گے ۔شہبازشریف نے کہا عمران صاحب! آپ نے میری جانب سے کئے گئے 3 ہتک عزت کے دعووں کاجواب دینا ہے ۔علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاسرکاری خرچ پرسٹوری کوپلانٹ کرایاگیا، اس کا ثبوت دوں گی،ڈیلی میل غلط خبروں کی وجہ سے مشہور ہے ، ڈیوڈ روز ایک جھوٹے صحافی ہیں، ڈیلی میل کو غلط اور جھوٹی خبروں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا صحافی ڈیوڈروزنے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی جس میں شہزاد اکبر بھی موجود تھے ،ڈیلی میل کی سٹوری شہزاد اکبر نے پلانٹ کرائی، شہباز شریف نے زلزلہ زدگان کے پیسوں میں چوری نہیں کی، زلزلہ 2005 میں آیا جب شہباز شریف برطانیہ میں تھے ، اس وقت شہباز شریف حکومت میں نہیں تھے ۔ انہوں نے کہاشہباز شریف سے حسد میں عمران خان ملک دشمنی کررہے ہیں، ڈیلی میل والے شہزاد اکبر کا نام لیتے ہیں، شہزاد اکبر کیا سرکاری ملازم ہیں؟پرانے الزامات پر شہباز شریف جیلوں میں رہ کرآئے ہیں ۔ مریم اورنگ زیب نے کہا 600 ارب منی لانڈرنگ آج تک ثابت نہیں ہوئی،پشاور میٹرو بس سروس میں اتنی کرپشن ہوئی، اس کی کوئی خبر شائع نہیں کی۔