دمشق(این این آئی)شام کے شمال مشرقی علاقے میں واقع ایک جیل میں فسادات کے دوران داعش کے 12 انتہائی خطرناک قیدیوں کے فرار ہونے کی اطلاع ہے ۔ کرد حکام نے بتایاکہ الحسکہ میں واقع جیل میں بڑے پیمانے پر فسادات برپا ہوئے۔ ، قیدیوں نے جیل کی نچلی منزل پر کنٹرول حاصل کر لیا اور افراتفری اور تشدد کے دوران کئی قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، اس جیل میں شدت پسند تنظیم داعش سے مبینہ طور پر وابستہ کئی انتہا پسند بھی بند تھے ۔شام میں سرگرم کردسیریئن ڈیموکریٹک فورسز سے وابستہ ایک ترجمان مصطفی بالی نے اس واقعہ کے حوالے سے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایاکہ قیدیوں نے کنٹرول حاصل کرنے کے بعدجیل کا اندرونی دروازہ توڑ دیا۔ ان میں سے کچھ تو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور ہماری فورسز ان کو پکڑنے کیلئے تلاش کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قید خانے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کیلئے حکام کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی فورسز کو طلب کرنا پڑا۔اس دوران خطے میں امریکی قیادت والے اتحاد نے ایک بیان میں کہا کہ اس جیل میں شدت پسند تنظیم داعش سے وابستہ قیدی تھے جن کا تعلق بیرونی ممالک سے ہے ۔ا گرچہ سرکاری حکام کی جانب سے فوری طور پر ایسی کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں کہ کتنے قیدی جیل سے فرار ہوئے تاہم شام کے حکومتی ٹیلی ویژن پر 12 قیدیوں کے فرار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔