دمشق(صباح نیوز)شامی صوبے حلب میں مارٹر حملے میں 8 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے ۔شام میں روسی مرکز کے سربراہ میجر جنرل یوری بورینکوف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹال رفعت شہر میں دہشت گردوں نے ایک سپورٹس کلب پر مارٹر گولے سے حملہ کیا جس میں8 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 13 دیگر زخمی ہوگئے ۔زخمیوں میں سات بچے شامل ہیں ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے ۔یوری بورینکوف کے مطابق ادلب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہشت گردوں نے 40 افراد پر حملہ کیا ، جس میں عام لوگوں کو نشانہ بنایا گیا۔واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران شام میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں کم از کم 34 بچے ہلاک ہوئے ہیں۔