دمشق (این این آئی)شام میں نامعلوم جنگی طیاروں کی البوکمال شہر میں بمباری کے نتیجے میں کم سے کم پانچ ایرانی حمایت یافتہ جنگجو ہلاک اور تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔عرب ٹی وی کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے سیرین آبزر ویٹری نے بتایاکہ البوکمال شہر کے نواح میں نامعلوم جنگی طیارے کی بمباری سے پانچ ایران نواز جنگجو ہلاک ہوگئے ۔شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پرنظر رکھنے والے گروپ نے 20 مئی کو ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ مشرقی دیر الزور گورنری کے البوکمال شہر میں دسیوں ایرانی حمایت یافتہ جنگجوئوں کی ایک نئی کھیپ پہنچائی گئی ۔ انسانی حقوق گروپ کے مطابق ایرانی جنگجوئوں کو عراق سے بسوں کے ذریعے البوکمال پہنچایا گیا۔