نیویارک (این این آئی)اقوام متحدہ کی ایک خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گذشتہ برس شمال مغربی شام میں اسد رجیم کی وفادار فورسز اور اس کے اتحادیوں نے تین ہسپتالوں اور سکولوں کو وحشیانہ بمباری سے تباہ کردیا تھا۔اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کی تفصیلات برطانوی خبررساں ادارے کو ملی ہیں ،اس رپورٹ میں اقوام متحدہ نے اسد رجیم اور اس کے اتحادیوں پر الزام عاید کیا کہ وہ شمال مغربی شام میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سکولوں اور ہسپتالوں کو حملوں کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ جسے ممکنہ طور پر جلد ہی سامنے لایا جائے گا میں بتایا گیا کہ حلب میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر شامی اپوزیشن کے حامی مسلح گروپ تحریر الشام یا کسی دوسرے گروپ نے وحشیانہ حملہ کرکے وہاں پر تباہی پھیلائی تھی۔رپورٹ کا خلاصہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے سلامتی کونسل میں بھی پیش کیا،گوٹیرس نے سلامتی کونسل کو بھیجے مکتوب میں لکھا ہے کہ شمال مغربی شام میں شہری اور عام انسانی تنصیبات پرحملے ہمیں شام میں جاری خوفناک جنگ کی توجہ دلاتے ہیں، ہمیں شام میں متحارب فریقین کو انسانی اور عالمی قوانین کے احترام کا پابند بنانے کے لئے ان پر دبائو ڈالنا چاہئے ۔