کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں سزایافتہ ملزمان کی اپیلوں پروکلا کو دلائل جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کر دی۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مجرم کی عمر کے تعین سے متعلق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ درست ہے ۔ شاہ رخ جتوئی کے وکیل عبداللطیف کھوسہ نے دلائل دیئے کہ فریقین کے درمیان صلح ہوچکی ہے ،ماتحت عدالت میں استغاثہ نے دہشت گردی کا کیس ثابت نہیں کیا،تفتیش میں بہت ساری غلطیاں ہیں۔اس پر جسٹس نذر اکبر نے ریمارکس دیئے کہ ناقص تفتیش پر جب ملزمان چھوڑے جاتے ہیں تو عدالتوں کو بدنام کیا جاتا ہے ،ملزمان کی رہائی کے بعد عدالتوں پر الزام آئیگا اور فوجی عدالتوں کا مطالبہ ہوگا، فوج سے عدالت لگانے کے بجائے تفتیش کرائیں، آپ پارلیمنٹرین ہیں فوج سے تفتیش کی قانون سازی کریں۔ اس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں جمہوری پارلیمنٹیرین کے طور پر ایسا کیسے کرسکتا ہوں؟ ۔