اسلام آباد ،واشنگٹن(وقائع نگار،سپیشل رپورٹر،صباح نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی نائب وزیرِ خارجہ ڈیوڈ ہیل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ڈیوڈ ہیل اور شاہ محمود قریشی نے گفتگو کے دوران دہشتگردی اور انتہا پسند گروہوں کیخلاف جاری تعاون، علاقائی استحکام اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہاکہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے نائب سیکرٹری آف سٹیٹ کی تعمیری بات چیت ہوئی۔امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ دونوں رہنمائوں نے علاقائی استحکام اور معاشی نمو کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں رہنمائوں کی گفتگو کے دوران دہشتگرد و انتہا پسند گروہوں کے خلاف جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامیلوف کے ساتھ بھی بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ ہوا ۔اس موقع پردونوں رہنمائوں کے درمیان کورونا عالمی وبائی صورتحال،دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پر عزم ہے ۔ وزیرخارجہ نے اپنے ازبک ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔وزیرخارجہ سے چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی نے بھی ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے چین میں بطور سفیر نغمانہ ہاشمی کی خدمات کو سراہااور بعد از ریٹائرمنٹ زندگی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔