اسلام آباد؍راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر؍ 92 نیوز رپورٹ ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی سفیر کے ہمراہ سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور داسو واقعہ میں زخمی چینی شہریوں کی عیادت کی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہسپتال میں آکر اطمینان ہوا،جو زخمی ہیں ان کی صحیح طریقے سے دیکھ بھال ہورہی ہے ،ان کا جذبہ اپنی جگہ قائم ہے ، ہمارے منصوبے اپنی منزل کو پہنچیں گے ۔چینی سفیر نے پرعزم انداز میں کہا چین اور پاکستان ہر مشکل کا مل کر سامنا کرتے رہیں گے ۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ چین کی 15 رکنی ٹیم نے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں ہفتہ کوداسو کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستانی حکام کی طرف سے بریفنگ دی گئی،چینی ٹیم نے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا جس کا مقصد تحقیقات میں پاکستان کی مدد کرنا ہے ۔زاہد حفیظ نے بتایا دورہ کرنے والی ٹیم میں چینی وزارت خارجہ و تجارت کے نمائندے ، کریمنل انویسٹی گیشن اور تکنیکی ماہرین شامل تھے ، اس ٹیم نے ایک روز قبل وزارت خارجہ کے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کی ، پاکستان کی جانب سے اس اجلاس میں سیکرٹری داخلہ کی طرف سے سربراہی کی گئی جبکہ چین کی جانب سے چینی سفیر نونگ رونگ قیادت کر رہے تھے ۔ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری تعزیت کا اظہارکیا اور چینی وفدکو تخریب کاری کے امکان کی نشاندہی کے حوالے سے جاری تحقیقات میں پیشرفت اور زخمیوں کو دی جانے والی نگہداشت کے بارے میں بتایا ۔ ملاقات کے بعد چینی وفد نے سی ایم ایچ راولپنڈی میں زخمی چینی شہریوں کی عیادت کی۔مزیدبرآں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی ملازمت کے معاہدوں کی منسوخی کے حوالے سے سوالات کے جواب میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ چین کی تعمیراتی کمپنی چائنہ گیزوبا گروپ کارپوریشن ( سی جی جی سی) نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی ملازمت کے معاہدوں کی تنسیخ کے حوالہ سے قبل ازیں جاری کردہ نوٹیفکیشن منسوخ ہو چکا ، منصوبہ پر تعمیراتی کام کا جلد دوبارہ آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور چین داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت چین کے اشتراک سے جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے پرعزم ہیں۔