ملتان(سپیشل رپورٹر)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف وصولی کیلئے کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے ۔ اس ضمن میں 200 سے زائد ٹیکس ڈیفالٹرز کو نوٹس بھجوا دیے گئے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی , سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اوردیگر اہم سیاسی شخصیات بھی ٹیکس نادہندہ نکلیں۔چیف وہپ قومی اسمبلی واراکین قومی اسمبلی عامر ڈوگر , رانا قاسم نون سمیت دیگر سیاسی شخصیات بھی ٹیکس نادہندگان میں شامل ہیں۔محکمہ نے کارروائی کرتے ہوئے لگژری ہاؤس ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والے ناد ہندگان کو جائداد قرقی اور گرفتاری کے نوٹسز جاری کئے ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دستاویزات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ذمہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 27ہزار ،680 روپے واجب الادا ہیں جبکہ رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر 93 ہزار، سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ 6 لاکھ 94 ہزار 471جبکہ سابق وفاقی وزیر سکندر بوسن 3 لاکھ 40 ہزار59 کے ڈیفالٹر ہیں ۔ مزید براں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے ذمہ لگژری ہاؤس ٹیکس کی مد میں 6 لاکھ 67 ہزار500 واجب الادا ہیں۔دوسری جانب محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان نے ریکوری مین بہتری لانے کیلئے محکمہ کی کالی بھیڑوں کے خلاف بھی ایکشن لے لیا ہے اور ناقص کارکردگی پر 3 ایکسائز انسپکٹرز کو معطل جبکہ 7 انسپکٹرز کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائز ملتان ڈویژن میاں جلیل الرحمان کے مطابق دو دن میں ان سیاست دانوں نے ٹیکس نہ جمع کرایا تو املاک ضبط کر لی جائیں گی اور وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائینگے ۔