پاکستان نے بدھ کے روز زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کیاہے۔ یہ میزائل 2750کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل نے کامیابی سے بحیرہ عرب میں اپنے ہدف کو نشانہ بنایا ۔تجربے کامقصد میزائل نظام کے ڈیزائن اور تکنیک کی جانچ کرنا تھا۔ پاکستان کے آس پاس ہونے والی تبد یلیوں، جغرافیائی حالات اور خصوصاً پڑوس میں بھارت کی طرف سے لگائے جانے والے اسلحہ کے ڈھیر سے پوری طرح آگاہ ہیں اور خطے کی صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ ہم بھی اپنے گھوڑے تیار رکھیں۔شاہین تھری میزائل کا تجربہ پاکستان کی دفاعی میں اضافہ کی شاندار قوت کا اظہار ہے۔ اس سے نہ صرف ہماری تکنیکی مہارت کا اظہار ہوتا ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ ہماری مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع سے کسی طور بھی غافل نہیں ہیں۔ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ بھی کیا ہے جہاں انہیں ورکنگ بائونڈری کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے وطن عزیز کا دفاع کرنے والے افسروں اور جوانوں کی تعریف کی اور ان کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔ پاکستان کو آج جغرافیائی اور نظریاتی طور پر جس قسم کے کثیر الجہتی خطرات کا سامنا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ دفاع وطن کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جائے۔ہمار ی بہادر سپا ہ وطن عزیز کا دفاع جس مؤثر طریقے سے کر رہی ہیں وہ قابل تعریف ہی نہیں قابل مثال بھی ہے۔