لاہور،ملتان،اسلام آباد،مظفر گڑھ(نیوز رپورٹر، سپیشل رپورٹر،نمائندہ 92نیوز) انتخابات میں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی ،محمود اچکزئی سمیت کئی اہم رہنمائوں کو شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف این اے 3 سوات میں پی ٹی آئی کے امیدوار سلیم الرحمان ، این اے 192ڈیر ہ غازی خان میں تحریک انصاف کے امیدوار محمد خان لغاری اور این اے 249 کراچی میں پی ٹی آئی امیدوار فیصل واوڈا سے ہار گئے جبکہ لاہور کے حلقہ سے انہوں نے کامیابی حاصل کی، این اے 2 سوات سے تحریک انصاف کے ڈاکٹر حیدر علی خان نے امیر مقام کو شکست دیدی۔ بلوچستان سے محمود اچکزئی کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو 2 حلقوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،دوسری جانب شجاع آبادکے قومی اسمبلی کے حلقے 158کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے ابراہیم خان 83 ہزار 297 ووٹ لے کرکامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مخالف پیپلزپارٹی کے امیدوار سابق وزیرعظم یوسف رضا گیلانی 73 ہزار 985 ووٹ حاصل کرسکے اور انہیں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا‘ پی ٹی آئی اے نے ملتان کا قلعہ فتح کرکے بڑا سیٹ اپ کردیا ،شاہ محمود قریشی کو پی پی 270 ملتان پر آزاد امیدوار سلمان نعیم نے شکست دے کر ان کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا خواب بھی چکنا چور کردیا،سینئر سیاستدان چودھری نثار این اے 63راولپنڈی سے پی ٹی آئی کے غلام سرورخان سے شکست کے بعدمسلسل نویں مرتبہ کامیابی کا ریکارڈ نہ بنا سکے اگر وہ جیت جاتے تو قومی اسمبلی میں مسلسل نویں مرتبہ کامیاب ہونے والے پہلے سیاستدان ہوتے ۔دریں اثنا ااسلام آباد سے سپیشل رپورٹر کے مطابق سراج الحق، اسفند یار ولی، قمر زمان کائرہ، شیخ آفتاب احمد، مرتضی جاوید عباسی ،سیدجاوید علی شاہ، شیر علی گورچانی، اویس لغاری، عابد شیر علی، طلال چودھری، غلام احمد بلور، نغمہ مشتاق، بلیغ الرحمان، رانا ثناء اﷲ ، طارق فضل چودھری، رانا افضل، سردار آصف، اکرم درانی، فاروق ستار، جواد احمد، تہمینہ دولتانہ، ثمینہ خالد گھر ، آفتاب شیرپائواچکزئی بھی ہار گئے ۔ دریں اثنا لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق کو این اے 131میں شکست کا شکار ہونا پڑا جس سے ریلوے میں ان کے منظور نظرافسروں میں مایوسی پھیل گئی دوسری جانب لاہور میں ہی تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے فیورٹ امیدواروں یاسمین راشد،اعجاز ڈیال،علیم خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شعیب صدیقی بھی ہار گئے ،ذرائع کے مطابق الیکشن سے قبل بک میکروں نے حلقہ این اے 125میں تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو75پیسوں کے ساتھ فیورٹ قرار دے دیا تھا اور ان کے مدمقابل وحید عالم کا ریٹ1روپیہ10پیسے تھا،این اے 128میں تحریک انصاف کے امیدوار اعجاز ڈیال فیورٹ تھے اور ان کا ریٹ70پیسے تھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شیخ روحیل اصغر کا ریٹ1روپیہ15پیسے تھا، حلقہ این اے 129میں تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان سب سے زیادہ فیورٹ تھے اور ان کا ریٹ65پیسے تھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق کا ریٹ1روپیہ24پیسے تھا لیکن سردار ایاز صادق نے علیم خان کو این اے 129میں شکست دی،بک میکروں نے این اے 136 سے تحریک انصاف کے امیدوار اسد کھوکھر کو85پیسوں کے ساتھ فیورٹ قرار دیا تھاا ور ان کے مد مقابل افضل کھوکھر کا ریٹ1روپیہ5پیسے تھا لیکن اسد کھوکھر نشست ہار گئے جس سے بک میکر بھی پریشان ہو گئے ۔