لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلی شہباز شریف اور پی ٹی آئی بی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف کیخلاف انکوائری کیلئے ایک اور درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں چئیرمین نیب، ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بناکر موقف اختیار کیاگیا کہ ڈاکٹر عمر سیف کیخلاف نیب میں 3 درخواستیں دے چکا ہوں، ڈاکٹر عمر سیف آئی ٹی کے شعبہ میں اربوں کی کرپشن میں ملوث ہیں،لاہور ہائیکورٹ کے سافٹ وئیر میں بھی بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں، ناقص کیس مینجمنٹ سسٹم کے باعث وکلا اور سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے عدالت نیب کوسابق وزیراعلیٰ شہباز شریف اور ڈاکٹر عمر سیف کیخلاف انکوائری کا حکم دے ،لاہور ہائیکورٹ رواں ہفتے درخواست پر ابتدائی سماعت کریگی۔ لاہور ہائیکورٹ جسٹس مامون رشید شیخ نے سابق صدر آصف زرداری سے پی پی کارکنوں کو ملاقات کی اجازت نہ دینے کے کیس میں درخواست گزار شہزاد علی خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے جعلی عدالتی فیصلہ بناکر ملزم کو رہا کرنے کے خلاف دائر درخواست پر 3روز میں ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرکے سیشن جج کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا ،عدالت نے ریمارکس دئیے جعلی عدالتی فیصلہ بنانے والوں کو جیل میں ہوناچاہیے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے بیرون ملک سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری لینے والے ڈاکٹر کو پی ایم ڈی سی کے امتحانات میں شرکت کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست پر درخواست گزاروں کو پی ایم ڈی سی کے امتحانات میں شرکت کی اجازت دے دی۔