لاہور(کلچرل رپورٹر) چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف 10 سال صوبہ کے حاکم رہے مگر عوام کو صاف پانی سمیت دیگربنیادی سہولیات تک نہیں دے سکے ۔گزشتہ روز پارٹی ورکرز کے ہمراہ عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں لاہور کے حلقہ این اے 132 کے علاقو ں سوئے آصل ،آہلو روڈ اور دیگر مقامات کے دورہ کے موقع پر خطا ب کر تے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے اپنے حلقہ کی حالت ایسی ہے کہ یہاں پر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ، صاف پانی ہے نہ سیوریج کا نظام، یہ شہر کا مضافاتی سب سے بڑا حلقہ ہے اور صحت کی بنیادی سہولت ہی سے محروم ہے ۔ سیاست خدمت خلق کا نام ہے اور برابری پارٹی انسانی حقوق کی بات کرتی ہے ۔ ہمارا نعرہ ہے تمام لوگوں کو ہر طرح کے مساوی حقوق ملیں ، پینے کا صاف پانی میسر ہو،صحت ،تعلیم اور روزگار کے حصول میں پیش آنیوالی مشکلات کا خاتمہ ہو۔ ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں تاکہ اشرافیہ کو مجبور ہوکر عوام کو انکے حقوق دینے پڑیں۔