لاہور،کراچی،اسلام آباد (خصوصی نمائندہ، نامہ نگار،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں، نیٹ نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اربوں روپے ضائع کر دیئے ۔لاہور کی ترقی صرف اشتہارات تک محدود ہے ، پیرس بنانے کا دعویٰ کرنیوالوں کا پول کھل گیا ہے کیونکہ پیرس بارش سے ڈوبتانہیں ۔گزشتہ روز لاہور میں طوفانی بارش کے بعد عمران خان نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہریوں کو درپیش مشکلات اور نقصانات کاجائزہ لیا ۔ میڈیا اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران نے مزید کہا کہ شریف برادران سارا زور کرپشن کرنے اورمال بنانے پرلگاتے رہے ، ڈویلپمنٹ کی ساری حقیقت مون سون کی پہلی بارش نے ہی کھول دی ، ایک بارش نے ساری ترقی دھوکر رکھ دی ۔شہبازشریف نے اپنی انا اور ضد کو حقائق پر ترجیح دی،اب گھر سے باہر نہیں نکل رہے کیوں کہ انہیں لوگوں کا ڈر ہے ۔ اگر شہباز شریف اب ٹوپی اور لمبے شوز پہن کر سڑکوں پر آتے تو عوام نے انکا اچھا استقبال نہیں کرنا تھا ۔ الیکشن تقدیر بدلنے کا موقع ،عوام ٹیکس کا پیسہ ایمانداری سے خرچ کرنیوالوں کو کامیاب کرائیں۔ لاہور کو تقریباً ساڑھے تین سو ارب کا بجٹ ملتاہے لیکن اسکی سڑکیں ندی نالوں اور تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جس نے سابق پنجاب حکومت کے جھوٹے دعووں کا پول کھول دیا ہے ۔شریف خاندان نے سارا پیسہ رائیونڈ میں لگادیا، صرف جاتی عمرہ کو پیرس بنایا ۔ اگر سابق حکمران عوام کا پیسہ دیانتداری سے خرچ کرتے تو لاہور کا یہ حال نہ ہوتا۔ قومی خزانے کابے دریغ استعمال کرنیوالوں اور غیر ضروری منصوبوں پر اربوں لٹانے والوں کو شرم آنی چاہئے ۔ ہم نے نمائشی منصوبوں کی مخالف تھی، دس برس اقتدار میں رہنے والا وزیراعلیٰ ایک شہر کو سیوریج کا سسٹم بھی نہ دے سکا ۔ اربوں روپے قرضے لیکر میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین منصوبے بنائے گئے اوربوجھ غریب عوام پر ڈال دیا گیا۔لاہور میں ٹرین انڈر گراؤنڈ چلنا تھی لیکن شہباز شریف نے اس کو کینسل کرکے اپنی مرضی سے اورنج ٹرین کا پراجیکٹ بنایا۔ شہباز شریف بتائیں کہ لاہور میں کتنے لوگوں کو پینے کا صاف پانی دیا ۔ صاف پانی سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ فلٹریشن پلانٹس پر اربوں کی کرپشن بھی سوالیہ نشان ہے ۔ عمران سرگودھا سے سپیشل طیارہ کے ذریعے لاہور پہنچے تھے اورانکی آمد کو خفیہ رکھا گیا تھا۔علاوہ ازیں عمران اپنے حلقہ انتخاب میں اورپارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کیلئے دوروزہ دورے پر کراچی پہنچنے تو ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار بار باریاں لینے والوں کو انتخابات میں مسترد کرناہوگا۔ ن لیگ اورباقی جماعتوں کی لیڈر شپ جانتی ہے کہ منی لانڈرنگ سے اربوں روپے باہرکیسے گئے ۔شریف برادران اپنے محلات سے متعلق صرف دو سوالوں کہ اربوں روپے ملک سے باہر کیسے گئے ؟ اورمنی لانڈرنگ کس نے کی؟کے جواب دیدیتے تو قوم کا پیسہ اور وقت بچ جاتا، ان کومعلوم ہے کہ چوری کے پیسے سے جائیداد خریدی ہے ۔ملک کوقرضوں سے نکالنا چاہتا ہوں ۔پی آئی اے کو ٹھیک کرنے میں اربوں روپے لگ چکے ہیں۔ پانی کا مسئلہ کنٹرول نہ کیا توملک ریگستان بن جائیگا۔ بارش سے جو لاہور کا حال ہوا ہے وہ سب نے دیکھا، الیکشن سے پہلے اربوں کے کئی پراجیکٹ آئے ، لاہور میں جو کچھ آج نظر آرہا ہے اسکا ذمہ دار کون ہے ؟ نقصانات کو ٹھیک کرنے میں اب کروڑوں خرچ ہونگے ؟ ، شہبازشریف کو بلا کر پوچھا جائے کہ اسکا ذمہ دار کون ہے ؟۔یہ الیکشن نظریہ پر ہوگا اور بڑے بڑے بُرج الٹ جائینگے ۔ ہم جب ایک ارب درخت لگا رہے تھے تو سب مذاق اڑاتے تھے ۔ عمران نے لیاری میں بلاول بھٹو کی ریلی پر پتھراؤ کی بھی مذمت کی۔کراچی آمد کے بعد عمران نے فکس اٹ کے تحت بے سہارا بچوں کیلئے بنائے گئے گھرکا سنگ بنیاد رکھا اور کہاکہ ملک میں غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ،یورپ میں کتوں کو بھی پوچھا جاتا ہے ۔فکس اٹ رہنما عالمگیر خان کا غریب بچوں کیلئے یہ عمل قابل تعریف ہے ۔بعدازاں اپنے حلقہ این اے 243 اور پارٹی امیدواروں ڈاکٹرعامرلیاقت حسین،علی زیدی، سیف الرحمٰن اور دیگر کے حلقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب میں عمران نے کہا کہ لندن فلیٹس چوری کے پیسوں سے خریدے گئے ،شہباز شریف کے وینس کو آنکھوں سے دیکھ لیا۔ عوام تبدیلی کیلئے ووٹ ضرور دیں۔ ہمارا مقابلہ آصف زرداری کی پیپلز پارٹی سے ہے ، یہ لوگ دس سال میں کچھ نہ کرسکے اگلے پانچ سال میں کیا کرینگے ،کراچی کے شہری تحریک انصاف کو ووٹ دیں،پچیس جولائی کو ہم ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ نوازشریف کے بچے اربوں روپے لوٹ کر ملک سے بھاگے ہوئے ہیں۔ آپ کو مبارک ہو 25 جولائی کوملک کی تاریخ کا اہم موڑ آنیوالا ہے ۔سروے کے مطابق پنجاب میں پی ٹی آئی ن لیگ سے آگے ہے ۔ بار بار باریاں لینے والے چلے ہوئے کارتوسوں نے پاکستان کو قرضوں میں ڈبو دیا ۔ہم پنجاب اور سندھ کی پولیس کو بھی غیر سیاسی کرینگے ۔ جب تک کراچی اوپر نہیں جاتا تب تک پاکستان اوپر نہیں جائیگا۔ سمندر کے پانی کو پینے کے قابل بنائینگے ، کوڑا کرکٹ سے بجلی بنائینگے ۔کراچی کو ایسا بنائیں گے کہ دنیا سے لوگ یہاں آئینگے ۔ میرے نمائندے غلطی کریں گے تو ان کو جیل میں ڈالوں گا۔ سندھ کے حکمران آپکا پیسہ چوری کر کے باہر لے گئے ۔ اقتدار آ کر میں بڑے بڑے ڈاکوئوں کا احتساب کرینگے ۔ علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق عمران خان کا پیر آف گولڑہ شریف پیر نظام الدین جامی سے رابطہ ہوا ہے ۔پیر آف گولڑہ شریف نے بھی عمران کان کو انتخابات میں حمایت کی یقین دہانی کرادی، 7 جولائی کو مشترکہ پریس کانفرنس کرینگے ۔دریں اثنا اسلام آباد میں پی ٹی آئی نے اپنی ڈیجیٹل پالیسی کا اعلان کر دیا ،اس حوالے سے تقریب میں عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ روزگار کی فراہمی، اور کرپشن کا خاتمہ ایک چیلنج ہے ۔ پی ٹی آئی تمام محکموں میں ای گورنس کا نظام لا کر کرپشن پر قابو پانا چاہتی ہے ۔علاوہ ازیں ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ کرپشن کے جڑ سے خاتمے کیلئے ڈیجیٹل پالیسی ضروری ہے ۔جو کسی شے کیلئے کھڑا نہیں ہوتا اسے ہر چیز کیلئے گرنا پڑتا ہے ۔ ووٹ نہ ڈالنے والوں کیلئے میلکم ایکس کی کہاوت میں بڑا پیغام ہے ۔ علاوہ ازیں نجی ٹی کو انٹرویو میں کہا کہ یوتھ کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار ہے ،دوسرا مسئلہ مہنگائی ہے ۔ جب ادارے مضبوط ہونگے گورننس سسٹم ٹھیک ہوجائیگا اورملک میں سرمایہ کاری ہوگی۔پاکستان کو مشکل ترین دور سے نکالنے کیلئے ابھی سے کام شروع کردیا ہے ، اسد عمر کو ہم اپنا وزیر خزانہ بنائینگے ۔ حکومت ملنے پرشروع میں تو ہمیں بیرونی قرضوں پر ہی چلنا پڑیگا ۔