لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ، خبر نگار خصوصی،وقائع نگار خصوصی،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک،92نیوزرپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نے کورونا سے نمٹنے کیلئے اپوزیشن رہنمائوں سے مشاورت کے بعد مشترکہ اورمتفقہ مطالبات حکومت کوپیش کردیئے ۔اپوزیشن رہنمائوں نے کورونا ٹائیگر فورس کو مستردکرتے ہوئے کہا افواجِ پاکستان ،رینجرز، پولیس کی موجودگی میں یہ اقدام محض سیاسی مقاصد کے لئے ہے ،ٹائیگر فورس پر قوم کا پیسہ اور قیمتی وقت ضائع کرنے کے بجائے لوکل گورنمنٹ فوری بحال کی جائے ۔اپوزیشن رہنمائوں کی مشاورت کے نتیجے میں جن نکات پر اتفاق کیا گیاان کے مطابق پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے جو کورونا ریلیف فنڈ کی نگرانی کرے اورمنصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنائے ،مشترکہ پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی مکمل نگرانی کرے کہ امداد اور دیگر سامان کہاں سے آ رہا؟،کیسے اور کہاں استعمال ہورہا ہے ؟،مزدور، دیہاڑی دار اور کمزور طبقات کو راشن کی تقسیم کاکیا معیار مقرر کیاگیا ہے ؟،یہ سامان کیسے مستحقین تک پہنچایا جارہا ہے ؟،حکومت امداد کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے استعمال نہ کرے ،کورونا پرپارلیمان، سینٹ اور قومی اسمبلی ہیلتھ قائمہ کمیٹی کمیٹی کا اجلاس فی الفور بلاکرپارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ دی جائے کہ اصل صورتحال کیا اور حکومت کی کیا حکمت عملی ہے ؟۔سرکاری ہسپتالوں میں کرونا کے ٹیسٹ، سکریننگ مفت اور دائرہ کارپھیلایا جائے ،پی ایم ڈی سی کو بحال اور فعال کیاجائے اور ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس،ماسک اور دیگر ضروری سامان فوری مہیا کیاجائے ،وینٹی لیٹرز کی جلد ازجلد فراہمی کو یقینی بنایاجائے ،عوام کو کورونا سے بچاؤ کی آگاہی دینے کے لئے قومی میڈیا مہم شروع ،ڈیزیز سرویلنس نظام قائم کیا اورصورتحال کا درست ڈیٹا جمع کرکے قوم کو حقائق بتائے جائیں، حکومت ان نکات پر فی الفورعملدرآمد کرے ۔ قبل ازیں شہبازشریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو فون کر کے کورونا وائرس کے بعد پیدا شدہ ملکی صورتحال پر گفتگو کی،دونوں رہنماؤں نے کورونا کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا،شہباز شریف نے کورونا وائرس کے بچاؤ کے حوالے سے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہا کورونا وائرس عالمی وبا ہے جسے مشترکہ کوششوں سے ہی شکست دی جاسکتی ہے ۔شہبازشریف نے گزشتہ روز اپوزیشن رہنماؤں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، محموداچکزئی، آفتاب شیرپاؤ اور سینیٹر میر حاصل خان بزنجو سے بھی رابطہ کرکے پارلیمنٹری ریلیف مانیٹرنگ کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے بھی مشاورت کی ۔ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلاکر واضح کیا جائے لاک ڈائون ہوگا یانہیں؟ ،حکومتی حکمت عملی واضح کی جائے ،قوم کی جان بچانے کی قومی حکمت عملی بچوں کا کھیل نہیں۔ کورونا ریلیف فنڈ کی ترسیل کے لئے فوری پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے جبکہ کوروناپر فی الفور پارلیمانی صحت کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جائے ۔