فیصل آباد (نیوزرپورٹر) حضرت لعل شہبازقلندر ؒکے عرس مبارک میں شرکت کے لئے فیصل آباد سے خصوصی طورپر چلائی جانے والی سیہون سپیشل ٹرین سینکڑوں زائرین کو لے کرسیہون شریف روانہ ہو گئی ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلو ے میاں فرخ حبیب اور ریلوے افسروں نے خصوصی ٹرین کے ذریعے سیہون شریف جانے والوں کو الوداع کیا ، ناولٹی پل کے قریب ٹرین کی دو بوگیاں الگ ہو گئیں، امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ٹرین کی بوگیوں کو جوڑ دیا اور ٹرین اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گئی، حادثے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔ ٹرین کی روانگی کے موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ریلوے میاں فرخ حبیب کاکہناتھا کہ دہشت گردوں کا کسی بھی رنگ ، نسل اور مذہب سے تعلق نہیں ہوتا ، یہ صرف اور صرف انسانیت کے دشمن ہیں، ایسے لوگوں کو انجام تک پہنچائے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا، صوفی بزرگوں نے برصغیر میں امن وآشتی ، دوستی ، بھائی چارے اور انسانیت کی بھلائی کرنے کا درس دیا ، یہی وجہ ہے کہ صدیاں گزرنے کے باوجود بھی ان کا نام نہ صرف قائم ودائم ہے بلکہ ہر سال لاکھوں لوگ ان کے عرس کی تقریبات میں شریک ہونے کے لئے دنیا بھر سے جوق درجوق آتے ہیں ،ریلوے نے بھی عرس تقریب میں شریک ہونے کے لئے خصوصی ٹرینیں چلانے کا اہتمام کیا ہے تاکہ جانے والوں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں ، سری لنکامیں دہشت گردوں کے حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔