اسلام آباد(نیٹ نیوز )معاون خصوصی شہباز گل نے اورنج لائن ٹرین کوناکام منصوبہ قراردیدیا۔معاون خصوصی نے اپنے ٹویٹ میں کہا اورنج لائن ٹرین ایک ناکام منصوبہ ہے ،ٹرین چلانے کیلئے حکومت کو12 ارب سالانہ سبسڈی دینا ہوگی ، آپریٹنگ کاسٹ274 روپے فی سواری،کرایہ 40 روپے فی ٹکٹ رکھا ہے ،سبسڈی 234 روپے فی ٹکٹ بنتی ہے ۔پنجاب حکومت کو اسے یوم سوگ ڈکلیئر کرنا چاہئے ،نااہل لیگ ایسے افتتاح کررہی ہے جیسے ٹرین ان کے باپ کے پیسے سے بنی ۔ شہباز گل نے ایک اور ٹویٹ میں کہا قوم نواز شریف اور مریم نواز کو مسترد کر چکی ہے ۔ اگر نواز شریف کا خیال ہے کہ وہ بڑے صوبے سے ہیں ان سے مختلف برتائو ہو گا تو وہ غلطی پر ہیں کیونکہ ملک مخالف بیانیہ رکھنے والوں سے ایک ہی جیسا برتا ئوہو گا۔ شہباز گل نے کہا مریم نواز صرف اس وقت سچ بولتی ہیں جب یہ نہیں بولتیں،اپنی کرپشن بچانے کیلئے مریم نواز نے والد، دادا، بہن بھائیوں کو پہچاننے سے انکار کیا تھا۔