لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا ہے کہ ہائوس آف شریف کا عقبی دروازہ ہمیشہ سے ہی بڑا شکی رہاہے ، چند دنوں میں خفیہ ملاقات کا پردہ فاش ہوجائے گا۔ پروگرام 92 ایٹ 8 میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہبازشریف اپوزیشن لیڈر کیلئے ٹھیک نہیں، ان کی سیاست مفاہمت کی ہے ، وہ اس عہدے کیلئے فٹ نہیں تھے ، جب بھی ہائوس آف شریف پھنسا تو شہباز شریف نے انہیں نکالا ،وہ بہت بڑے کاریگرہیں ۔سینئر صحافی محمل سرفراز نے کہا نوازشریف سے ملاقات کرنے والے شخص کے بارے میں کہا جارہاہے ، وہ ڈیل کے حوالے سے کوئی پیغام لے کرگئے تھے ، چندماہ میں پتہ چل جائے گا کہ کس نے ملاقات کی اور کیامعاملات طے ہوئے ۔ ا نہوں نے کہا مریم نواز کو پتہ ہے کہ اگر وہ بولیں گی تو انہیں پھر جیل میں ڈالا جاسکتا ہے جبکہ نوازشریف بھی یہ نہیں چاہتے کہ ان کی بیٹی لندن آجائیں ، اپوزیشن تو کچھ نہیں کررہی لیکن لگتاہے کہ حکومت ہی خود اپنی اپوزیشن بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاحکومت کو گورننس پر توجہ دینی چاہئے ۔تجزیہ سعید قاضی نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ عقبی دروازہ بند ہو،اب یہ کھیل بند ہوناچاہئے کیونکہ اب عوام کے صبرکا پیمانہ بھی لبریز ہوچکاہے ۔انہوں نے کہا عوام مایوس ہوچکے ہیں،یہاں پر تحریکوں کی ضرورت ہے ۔